مری آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں،چیف ٹریفک آفیسر

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) چیف ٹریفک آفیسر مری مغیث احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کی تعطیلات اور لانگ ویک اینڈ کے دوران مری آنے والے سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ لانگ ویک اینڈ کے آغاز سے اب تک 90 ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہو چکی ہیں۔ ترجمان سٹی ٹریفک پولیس مری کے مطابق مری میں 5ہزار گاڑیوں کی پارکنگ گنجائش موجود ہے جبکہ سیاحوں کی آمد کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر مغیث احمد ہاشمی خود فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام ٹریفک انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ سی ٹی او مری نے بتایا کہ محرم الحرام اور لانگ ویک اینڈ کے موقع پر 200 سے زائد ٹریفک اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ دو طرفہ اور تنگ سڑکوں کے باوجود تمام شاہراہوں پر ٹریفک رواں دواں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ مری کی تمام اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں اور معمول کے مطابق ٹریفک جاری ہے۔

سیاحوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ محفوظ اور خوشگوار سفر کا تجربہ حاصل کر سکیں۔ سی ٹی او مری نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور صرف مختص شدہ پارکنگ ایریاز میں ہی گاڑیاں پارک کریں۔ لائن لین کی پابندی کریں اور کسی بھی صورت ڈبل لائن نہ بنائیں۔ نو پارکنگ زونز سے بچنے کے لیے ٹریفک پولیس کے افسران مسلسل پٹرولنگ پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی رہنمائی کے لیے آفیشل سوشل میڈیا پیجز پر مری کی ٹریفک صورتحال سے متعلق اپ ڈیٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ سیاح کسی بھی مدد یا رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 051-9269200 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔