یومِ عاشورہ ہمیں قربانی و ایثار ،صبرو استقامت کا درس دیتا ہے، سردار ایاز صادق

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حضرت امام حسین اور ان کے جانثار رفقا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یومِ عاشورہ ہمیں قربانی، ایثار، صبر، استقامت اور حق کا ساتھ دینے کا درس دیتا ہے، واقعہ کربلا قیامت تک آنے والی نسلوں کو ظلم و باطل کے خلاف جرات و حوصلے سے ڈٹ جانے اور حق کی حمایت کا پیغام دیتا رہے گا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی طرف سے یومِ عاشورہ کے موقع پر پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین نے حق و انصاف کی سربلندی کے لیے اپنی جان قربان کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امام حسین کی قربانی، ایثار، صبر اور تقوی کی تعلیمات کو اپنا کر ایک پرامن، متحد اور انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ظلم، ناانصافی، عدم برداشت اور تفرقہ بازی کے خاتمے کے لیے اجتماعی طور پر کوشش کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے وطن کی حفاظت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا نے وطن کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، ان کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم عوام کئی دہائیوں سے ظلم اور بربریت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطینی اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مظلوموں کی حمایت ہماری دینی و اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں جاری بدترین دہشتگردی کے نتیجے میں اب تک 60 ہزار سے زائد افراد شہید اور ہزاروں شدید زخمی ہو چکے ہیں جن میں بڑی تعداد بچوں، خواتین اور بزرگوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف استقامت اور جرات کے ساتھ اپنے حق کے لیے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطین اور کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرے۔ انہوں نے یومِ عاشورہ کے موقع پر مسلم امہ کو باہمی اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اسوہ شبیری پر عمل پیرہ ہوکر اور اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دے کر درپیش چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون اور بھائی چارے کو اپنانا ہی حقیقی کامیابی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ یومِ عاشورہ کے موقع پر صبر و تحمل اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے امن و امان قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے حضرت امام حسین اور ان کے رفقا کی ناقابلِ فراموش قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کربلا کا پیغام صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین کے جذب ایثار اور قربانی کو اپنا تے ہوئے بھائی چارے اورایثار کو فروغ دے کر ایک پرامن اور انصاف پسند معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں حق اور سچ کے لیے ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے ہمیں جذبہ حسینی پر عمل پیرا ہوتے ہوئے ظلم، ناانصافی اور تفرقے کے خلاف متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ حضرت امام حسین کے پیغام کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں اور باہمی اختلافات کو ختم کر کے اخوت و بھائی چارے کو فروغ دیں۔