نصیرآباد ، طاہر کوٹ میں نویں محرم الحرام کا جلوس اختتام پذیر ہوگیا

ہفتہ 5 جولائی 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) نویں محرم الحرام کے موقع پر نصیرآباد کی تحصیل چھتر کے علاقے طاہر کوٹ میں روایتی ماتمی جلوس برآمد ہوا جو اپنے مقررہ روٹ سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔ ڈپٹی کمشنر نصیرآباد منیر احمد خان کاکڑ کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر چھتر بہادر خان کھوسہ نے نائب تحصیلدار سید محمد شاہ کے ہمراہ جلوس کے تمام انتظامات اور سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر جلوس کے شرکاء اور عزا داروں کے لیے مختلف مقامات پر لنگر، نیاز اور سبیلوں کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسسٹنٹ کمشنر بہادر خان کھوسہ نے سکیورٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

جلوس کے راستے میں کسی بھی مشکوک شخص پر کڑی نظر رکھی جائے اور جلوس کے درمیان میں کسی غیر متعلقہ فرد کو داخل ہونے کی اجازت نہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ محرم الحرام کے دوران تمام طے شدہ پروگرامز اور مجالس اپنے مقررہ وقت پر شروع ہوں اور پرامن طریقے سے مکمل ہوں، اس سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی تھی تاکہ عزاداروں اور جلوس کے شرکاء کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور انہیں کسی قسم کی دشواری یا رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ماتمی جلوس کے موقع پر عزاداروں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عبدالمنان لاکٹی کے احکامات پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی ٹیم ایمبولنس کے ہمراہ اپنی خدمات سرانجام دیتی رہیں۔