ڈیرہ غازی خان میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:20

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) محکمہ موسمیات کی جانب سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان میں انتظامیہ ہائی الرٹ ہو گئی ہے۔ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر رود کوہیوں کی مسلسل نگرانی کے لیے پہاڑی دروں پر متعلقہ عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے وڈور رود کوہی کے سیفن کا دورہ کیا جہاں افسران کی جانب سے انہیں سیفن پر پانی کی گنجائش، اخراج، حفاظتی بند اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ بلوچستان اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلوں میں شدید بارشوں کے باعث ضلع میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے جس سے ضلع کی چھوٹی بڑی سات اہم رود کوہیوں میں پانی کے تیز بہاؤ پیدا ہونے کا خدشہ ہے اس صورتحال میں نزدیکی آبادیوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ہائی الرٹ رہیں۔

رود کوہیوں کے راستوں کی صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدام کرے گی۔ضلعی حکومت عوام سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کریں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :