وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا یوم عاشورہ پر حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یوم عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواسہ رسول نے دین کی بقا ء اور امت کی اصلاح کے لیے عظیم قربانی پیش کی،امام حسین اور انکے جانثاروں نے حق کی سربلندی کے لیے اپنی جانیں نچھاور کیں جو تاریخ انسانیت میں ایک روشن مثال ہے۔

ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ کربلا کا واقعہ صرف ایک سانحہ نہیں بلکہ فکری، روحانی اور اخلاقی تحریک ہے جو ہمیں صبر، قربانی اور استقامت کا سبق دیتی ہے۔ امام حسین کا پیغام ظلم کے سامنے سر نہ جھکانے کا نام ہے جس نے باطل کے سامنے جھکنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یزیدیت کے خلاف امام حسین کا انکار دراصل تاریخ کا سب سے بڑا اعلانِ آزادی تھا۔

(جاری ہے)

سندھ کی دھرتی نے ہمیشہ امام حسین کے پیغام کو دل سے لگایا اور صوبے کے صوفی بزرگوں نے بھی اس پیغام کو محبت، انسانیت، عدل اور آزادی سے جوڑا۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ شاہ لطیف بھٹائی کی شاعری میں امام حسین کا غم اور ان کا پیغام آج بھی زندہ ہے جبکہ سندھ میں منعقدہ عزاداری، مجالس اور جلوس صوبے کے امن، اتحاد اور عقیدت کی علامت ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے محرم الحرام کے پیغام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ ہمیں رواداری، یکجہتی اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور مجالس و جلوسوں کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا گیا ہے۔