سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 11 محرم الحرام کو چوہڑ چوک سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا

اتوار 6 جولائی 2025 10:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے 11 محرم الحرام کو چوہڑ چوک سے برآمد ہونے والے ماتمی جلوس کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق جلوس کے دوران ایک سینئر ٹریفک آفیسر، 5 ڈی ایس پیز، 27 سینئر ٹریفک وارڈنز اور 161 ٹریفک وارڈنز و اسسٹنٹس سمیت کل 194 افسران و اہلکاران سپیشل ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔

جلوس کے آغاز سے اختتام تک چیئرنگ کراس سے پیر ودھائی موڑ تک پشاور روڈ مکمل طور پر بند رہے گی۔ چوہڑ چوک سے رینج روڈ اور حالی روڈ (چوہڑ چوک تا نجم شہید چوک) بھی مکمل بند ہوں گے۔ الہ آباد روڈ آشیانہ چوک سے پروگریسو اسکول تک بند رہے گی۔

(جاری ہے)

صدر سے پشاور جانے والی ٹریفک کو چیئرنگ کراس سے ویسٹریج روڈ کی طرف موڑا جائے گا جہاں سے وہ ماربل فیکٹری کے راستے آئی جے پی روڈ جا سکے گی۔

پشاور سے صدر آنے والی ٹریفک کو کیرج فیکٹری، گنجمنڈی موڑ، ٹرانزٹ کیمپ اور مال روڈ کے ذریعے صدر لایا جائے گا۔ ماربل فیکٹری روڈ سے چوہڑ چوک جانے والی ٹریفک کو نجم شہید چوک (ٹینکی چوک) سے ویسٹریج روڈ کی طرف ڈائیورٹ کیا جائے گا۔ ویسٹریج بازار سے آشیانہ چوک آنے والی ٹریفک کو ماربل فیکٹری روڈ اور ویسٹریج 3 روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔ مصریال روڈ سے چوہڑ چوک کی طرف آنے والی ٹریفک کو رینج روڈ کے ذریعے متبادل راستے پر منتقل کیا جائے گا۔

چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ نے ڈی ایس پیز اور سیکٹر انچارجز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ ٹریفک پلان پر مکمل عملدرآمد کروایا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ شہری ٹریفک سے متعلق کسی بھی ہنگامی صورتحال میں سٹی ٹریفک پولیس کا ایمرجنسی پورٹل نمبر 051-9274843 پر 24 گھنٹے رابطہ کر سکتے ہیں۔