کلرسیداں ،پولیس پر مطلوب اشتہاری علی زعفران اور ساتھیوں کی فائرنگ، جوابی کارروائی میں علی زعفران ہلاک

اتوار 6 جولائی 2025 15:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) کلرسیداں کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کی ٹیم پر خطرناک اور انتہائی مطلوب اشتہاری مجرم علی زعفران عرف علیا اور اس کے ساتھیوں نے اچانک فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس کی جوابی کارروائی میں علی زعفران موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق علی زعفران قتل، بھتہ خوری، اسلحہ سپلائی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھا اور طویل عرصے سے مفرور چلا آ رہا تھا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی پولیس کے لیے اس کی گرفتاری ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی تھی کیونکہ وہ علاقے کے دیگر خطرناک مجرموں سے مسلسل رابطے میں تھا۔ ترجمان کے مطابق زعفران کے خلاف قتل سمیت کئی مقدمات درج تھے اور اس کی مجرمانہ سرگرمیاں علاقے میں خوف و ہراس کا باعث بنی ہوئی تھیں۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ فرار ہونے والے مجرموں کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔ ترجمان راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے جان و مال کو خطرے میں ڈالنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔