کمشنر ہزارہ اور آر پی او کا دس محرم الحرام جلوس روٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

اتوار 6 جولائی 2025 18:20

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2025ء) کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ اور ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) ناصر محمود ستی نے ایبٹ آباد میں دس محرم الحرام جلوس روٹس کا دورہ کیا ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور علماء، امن کمیٹی عہدیداران، اہل تشیع اکابرین و میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل و ڈی سی ایبٹ آباد کیپٹن(ر) ثناء اللہ خان نے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

ہزارہ پولیس کے مطابق کمشنر ہزارہ فیاض علی شاہ اور ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ریجن ناصر محمود ستی نے دس محرم الحرام کے حوالے منعقدہ مرکزی جلوس کے روٹس کا دورہ کیا۔ ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل و ڈی سی ایبٹ آباد کیپٹن(ر) ثناء اللہ خان نے دونوں افسران کو سکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ ڈویژن نے جلوس کے شرکاء کے لیے سہولیات کی فراہمی اور انتظامات کے حوالے سے متعلقہ محکمہ جات جن میں ٹی ایم اے، سول ڈیفنس، واسا، ریسکیو سروسز، محکمہ صحت اور دیگر محکمہ جات کی کارکردگی کو سراہا۔

ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ ناصر محمود ستی نے اس موقع پر ڈیوٹی پر مامور افسران و جوانوں کو بہترین ڈیوٹی سر انجام دینے پر شاباش دی۔ کمشنر ہزارہ اور آر پی او ہزارہ نے علماء، امن کمیٹی عہدیداران، اہل تشیع اکابرین اور میڈیا نمائندگان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ریجنل پولیس آفیسر ہزارہ نے کہا کہ ہزارہ پرامن علاقہ ہے جس میں علماء کرام، امن کمیٹی اور صحافی برادری کا بھی کلیدی کردار ہے جس پر آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ آئندہ بھی اس امن کی فضاء کو قائم رکھنے کے لئے ہم سب مل کر اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہے گے اور شرپسند عناصر اور فرقہ واریت پھلانے والے عناصر کر جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔