حارث رؤف ہیمسٹرنگ انجری کا شکار، بنگلادیش سیریز میں شرکت مشکوک

دورۂ بنگلا دیش کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا کیمپ 8 جولائی سے نیشنل اسٹیڈیم ،کراچی میں لگے گا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 7 جولائی 2025 10:28

حارث رؤف ہیمسٹرنگ انجری کا شکار، بنگلادیش سیریز میں شرکت مشکوک
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 7 جولائی 2025ء ) پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف ہیم اسٹرنگ انجری کے باعث امریکا میں جاری میجر لیگ کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں، جبکہ ان کی بنگلادیش کے خلاف آئندہ سیریز میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔ 
میجر لیگ کرکٹ ٹیم سان فرانسسکو یونیکارنز نے حارث رؤف کی انجری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ آئندہ میچز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

 
ٹیم انتظامیہ کے مطابق نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بین لسٹر کو ان کا متبادل مقرر کر دیا گیا ہے۔ 
حارث رؤف رواں سیزن میں سان فرانسسکو یونیکارنز کے لیے سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے، انہوں نے 8 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ 
تاہم اب ان کی انجری نے نہ صرف ایم ایل سی میں ان کی شرکت ختم کر دی ہے بلکہ رواں ماہ بنگلا دیش کے خلاف شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی ان کی دستیابی مشکوک ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

 
ذرائع کے مطابق وہ کم از کم بنگلادیش کے خلاف سیریز سے باہر ہو چکے ہیں، تاہم پی سی بی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ 
یاد رہے کہ بنگلادیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز 20 جولائی سے شیڈول ہے، جب کہ پاکستان ٹیم کا تربیتی کیمپ 8 جولائی سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں لگایا جائے گا۔ قومی اسکواڈ 16 جولائی کو ڈھاکہ روانہ ہو گا۔