سہ ملکی سیریز: راشد خان کی شائقین سے پرامن رہنے کی اپیل

میرا پیغام ہے کہ سب لوگ اس کھیل کو انجوائے کریں اور اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کریں اور کرکٹ کو تفریح کے طور پر دیکھیں : افغان کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 29 اگست 2025 11:32

سہ ملکی سیریز: راشد خان کی شائقین سے پرامن رہنے کی اپیل
شارجہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 اگست 2025ء ) آج سے شارجہ میں شروع ہونے والی ٹرائی نیشن سیریز کے حوالے سے افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے شائقین سے اپیل کی ہے کہ شارجہ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران 2022ء جیسی ناخوشگوار صورتحال کو دہرایا نہ جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ اتحاد اور امن کا پیغام دیتی ہے اور یہ کھیل قوموں کو قریب لاتا ہے۔

 
یاد رہے کہ ستمبر 2022ء میں ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان کی افغانستان کے خلاف فتح کے بعد افغان شائقین کی جانب سے شارجہ سٹیڈیم میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ دیکھنے میں آئی تھی، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھیں۔

(جاری ہے)

 

ان مناظر میں افغان تماشائیوں کو کرسیاں پھینکتے ہوئے دیکھا گیا تھا، جس سے سٹیڈیم کا ماحول کشیدہ ہو گیا تھا۔

ماضی کے ناخوشگوار واقعہ کی روشنی میں اس مرتبہ سٹیڈیم میں پاکستان اور افغانستان کے شائقین کے لیے علیحدہ حصے مختص کیے گئے ہیں جب کہ سکیورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ایسے واقعہ سے بچا جائے جس سے گرما گرمی کا ماحول پیدا ہوں۔
راشد خان نے کہا کہ میرا پیغام ہے کہ سب لوگ اس کھیل کو انجوائے کریں اور اپنی اپنی ٹیموں کو سپورٹ کریں اور کرکٹ کو تفریح کے طور پر دیکھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان، یو اے ای اور افغانستان کے درمیان سہ ملکی سیریز کا افتتاحی میچ آج شارجہ میں پاکستان وقت کے مطابق رات 8 بجے کھیلا جائے گا۔