Live Updates

تھرپارکر، پانی کے ریلے میں پھنسے 11سیاحوں کو بچا لیا گیا،ایک جاں بحق

ننگرپارکر کے پہاڑی میں واقع مایا ڈیم کے قریب 12 سیاح واپسی پر بھٹک گئے اور پانی میں پھنس گئے،ریسکیو کئے گئے سیاحوں میں تین کا تعلق کراچی اور سات کا مٹھی سے بتایا گیا ہے، جاں بحق ہونے والے سیاح کا تعلق کراچی کے علاقے گارڈن سے ہے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 7 جولائی 2025 11:27

تھرپارکر، پانی کے ریلے میں پھنسے 11سیاحوں کو بچا لیا گیا،ایک جاں بحق
تھرپارکر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07جولائی 2025)ننگرپارکر میں بارش کے باعث اچانک آنے والے ریلے نے سیاحت کیلئے آئے افراد کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، واقعے میں ایک سیاح جان کی بازی ہار گیا جبکہ دیگر 11 افراد کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا، ضلع تھرپارکر کے پہاڑی علاقے ننگر پارکر میں واقع مایا ڈیم کے قریب 12 سیاح واپسی پر بھٹک گئے اور پانی میں پھنس گئے۔

پولیس کو سیاحوں کے پھنسنے کی اطلاع ملی تومقامی افراد کی مددسے پولیس نے پانی کے ریلے میں پھنسے 11 سیاحوں کو ریسکیو کر لیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق  11 سیاحوں کو بچا لیا گیا جبکہ ایک سیاح ڈوب کر جاں بحق ہو گیا جس کی لاش نکال لی گئی ہے اس کا تعلق کراچی کے علاقے گارڈن سے ہے۔واقعے کے دوران مجموعی طور پر 11 سیاح پانی میں پھنس گئے تھے جن میں سے 10 افراد کو ایک گھنٹے کی کارروائی کے بعد بحفاظت نکال لیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو کئے گئے سیاحوں میں تین کا تعلق کراچی اور سات کا مٹھی سے بتایا گیا ہے۔طلحہ نامی سیاح گزشتہ روز پہاڑی علاقے میں بارش کے باعث ڈیم میں پھنس گیا تھا۔ مسلسل کوششوں کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیم نے آج طلحہ کی لاش کو ڈیم کے پانی سے نکال لیا۔ پولیس کے مطابق طلحہ کا تعلق کراچی کے علاقے گارڈن سے تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ریسکیو کئے گئے 4 افراد کا تعلق کراچی اور 7 کا مٹھی سے ہے جو ننگرپارکر میں سیاحتی مقام کارونجھر کی پہاڑیوں اور مایا ڈیم کے آبشار کو دیکھنے کیلئے گئے تھے۔

پولیس کے مطابق ننگرپارکر میں گزشتہ روز سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔پولیس اور ریسکیو اداروں کی جانب سے مقامی افراد کی مدد سے کارروائی مکمل کی گئی۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو قدرتی مقامات پر بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایات بھی جاری کیں ہے۔انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے کہاگیاہے کہ وہ تفریحی و سیاحتی مقامات پر جانے سے قبل تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچاجاسکے۔ پولیس کے مطابق ننگرپارکر میں گزشتہ روز سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات