ماسکو میں سعودی سفارت خانے کی نئی عمارت کا افتتاح

وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے فیتہ کاٹا، اعلی سطحی وفد شریک

پیر 7 جولائی 2025 15:18

ماسکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے روس کے دارالحکومت ماسکو میں مملکت کے سفارت خانے کی نئی عمارت کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر نائب وزیر خارجہ عبدالہادی المنصوری، سیاسی امور کے لیے معاون وزیر ڈاکٹر سعود الساطی، روس میں سعودی سفیر عبدالرحمن الاحمد، وزارت خارجہ کے منصوبہ جات و اثاثہ جات کے ذمہ دار انجینئر خالد الرمیح سمیت دیگر اعلی حکام موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ کے سفارت خانے پہنچنے پر افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی گئی، جس کے بعد انہوں نے نئی عمارت کے مختلف حصے اور سہولیات کا معائنہ کیا۔ یہ عمارت جدید طرزِ تعمیر، مناسب سہولتوں اور مکمل فرنیچر سے آراستہ ہے، جو حالیہ منصوبے کی تکمیل کے بعد فعال کی گئی ہے۔وزارت خارجہ کی جانب سے اس منصوبے کا مقصد دنیا بھر میں سعودی سفارتی مشنز کی کارکردگی بہتر بنانا، بہترین سفارتی ماحول فراہم کرنا اور بیرونِ ملک موجود شہریوں و زائرین کو اعلی معیار کی خدمات فراہم کرنا ہے۔ اس اقدام کو مملکت کی سفارتی کارکردگی کو مزید مثر اور مربوط بنانے کے ایک جامع ویژن کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔