سرگودھا میں سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلا کر دوسرے فرقہ کی دل آزاری پر 16 مقدمات درج ،ملزمان گرفتار

پیر 7 جولائی 2025 15:58

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) سرگودھا میں سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلا کر دوسرے فرقہ کی دل آزاری پر پولیس نے 16 مقدمات درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا اور کہا گیا کہ مذہبی منافرت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا- ذرائع کے مطابق سرگودھا کے قصبہ میلہ کہ علاقہ رحیم پور کے ساجد علی نے اپنی آئی ڈی پر انتشار انگیز پوسٹ لگا کر دوسرے فرقہ کی دل آزاری کی جس پر تھانہ میلہ پولیس نے ملزم ساجد علی کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح قصبہ لکسیاں کے علاقہ چھنی محمد قاضی کے صبغت اللہ نے واٹس اپ مسیج کر کے دوسرے فرقہ کے مذہبی جذبات مجروح کیا تو تھانہ لکسیاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا جس پر پولیس نے دونوں واقعات کے ملزمان کے خلاف مذہبی منافرت کی دفعہ 295A ت پ کے تحت مقدمات درج کر لئے اور مصروف تفتیش ہے۔اس حوالہ سے پولیس ترجمان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے پر 16 مقدمات درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اس لئے امن کو تباہ کرنے یانفرت پھیلانے والوں پر شہری کڑی نظر رکھیں علاقہ میں مذہبی منافرت کو ہر گز برادشت نہیں کیا جائے گا۔