دیوان علی خان چغتائی ہماری ریڈ لائن ہیں، ہم ان کے بازو ہیں، بشارت خان مغل

پیر 7 جولائی 2025 17:01

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) ممبر ضلع کونسل یونین کونسل انوار شریف حلقہ لچھراٹ، بشارت خان مغل نے ایک اہم اور دوٹوک بیان دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ دیوان علی خان چغتائی کسی فرد کا نہیں بلکہ ایک نظریے، ایک شعور اور ایک عوامی اعتماد کا نام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیوان علی خان چغتائی ہماری ریڈ لائن ہیں، ان کی عزت، وقار پر کوئی بھی حملہ یا سازش ناقابل برداشت ہے، اور ایسی کسی بھی کوشش کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

بشارت خان مغل نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ دیوان علی خان چغتائی تنہا نہیں ہیں، بلکہ ہم سب ان کے بازو ہیں، ان کی ڈھال ہیں، اور ان کے نظریے کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند مخصوص مفاد پرست عناصر اپنے ذاتی مفادات کے لیے سازشوں کے جال بُن رہے ہیں، لیکن وہ یہ جان لیں کہ دیوان علی خان چغتائی کے چاہنے والے ہر سطح پر ان کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔

(جاری ہے)

اگر ان کی کردار کشی بند نہ کی گئی تو ہم ایسا ردعمل دیں گے جو نسلوں تک یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ دیوان علی خان چغتائی کا خاندانی پس منظر تحریک آزادی کشمیر، تعمیر و ترقی، دیانتداری، اور شرافت سے عبارت ہے۔ ان جیسی شخصیات راہ چلتے مسافروں کی طرح نہیں ہوتیں کہ جو چاہے زبان درازی کرے۔ ان پر انگلی اٹھانے سے پہلے سازشی عناصر کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔

بشارت خان مغل نے واضح کیا کہ دیوان علی خان چغتائی کے خلاف بلند ہونے والی ہر آواز درحقیقت ہزاروں عوام کے جذبات کو مجروح کرے گی، اور ایسی کسی بھی حرکت کی بھرپور مزاحمت کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیوان علی خان چغتائی محض ایک سیاسی قائد نہیں بلکہ ایک سوچ کا نام ہیں۔ وہ عوامی مسائل پر آواز بلند کرنے والے اور عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں۔ ہم ان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں، اور جو قوتیں ان کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں، وہ عوامی ردعمل کے لیے تیار ہو جائیں۔