چینی باشندے کے گھر میں چوری،گھریلو ملازمین ماسٹر مائنڈ نکلے

تینوں ملزمان بہاولپور سے گرفتار ،1کروڑ 20لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد کر لی گئی ‘ اے ایس پی شہربانو نقوی

پیر 7 جولائی 2025 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے کہا ہے کہ گھر کے ملازمین چینی باشندے کے گھر میں چوری کے ماسٹر مائنڈ نکلے۔ڈیفنس بی کے علاقے میں چینی باشندے کے گھر میں ہونے والی بڑی چوری کی واردات کو پولیس نے صرف 36گھنٹوں میں ٹریس کر لیا۔اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ واردات میں ملوث تینوں ملزمان کو بہاولپور سے گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے 1کروڑ 20لاکھ روپے کی نقدی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

اے ایس پی شہر بانو نقوی کے مطابق چینی شہری شی ڈیپو کے گھر سے 1کروڑ 80لاکھ روپے کی رقم چوری کی گئی تھی، ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ واردات میں گھر کے ملازمین ہی ملوث تھے، جنہوں نے نہایت منصوبہ بندی کے تحت اس واردات کو انجام دیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم علی عزیز، شبیر اور امتیاز شامل ہیں، جنہوں نے دورانِ تفتیش جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، پولیس ترجمان کے مطابق تینوں ملزمان نے رقم کی تقسیم کا بھی انکشاف کیا ہے اور مزید برآمدگی کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔

اے ایس پی شہر بانو نقوی کا کہنا تھا کہ پولیس نے ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے ذریعے ملزمان کو ٹریس کیا، انہوں نے اس کامیاب کارروائی کو پولیس ٹیم کی محنت اور تیز رفتار ایکشن کا نتیجہ قرار دیا۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھریلو ملازمین کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد انہیں ملازمت پر رکھیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔