بلال اظہر کیانی نے جہلم میں محرم کے انتظامات کا جائزہ لیا

پیر 7 جولائی 2025 18:18

بلال اظہر کیانی نے جہلم میں محرم کے انتظامات کا جائزہ لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور سربراہ وزیراعظم ڈلیوری یونٹ بلال اظہر کیانی نے اپنے انتخابی حلقے جہلم کے دورے کے دوران محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں اور انتظامی کاوشوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس اور ڈی پی او محمد طارق عزیز نے وزیر مملکت کو جلوسوں کی سیکیورٹی، صفائی، طبی سہولیات اور عزاداروں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات پر بریفنگ دی۔

وزیر مملکت نے سول لائنز میں مرکزی جلوس کے راستے کا معائنہ کرتے ہوئے سیف سٹی کنٹرول روم سے شہر بھر کے انتظامات کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے سبیلوں، عارضی طبی مراکز، مسلسل صفائی کے اقدامات (خصوصاً ،ستھرا پنجاب،ٹیمز) اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے نظام کو سراہا۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ کے حکام نے کیمروں اور ڈیٹا اینالیٹکس کے ذریعے حفاظتی اقدامات کی بروقت نگرانی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔

وزیر مملکت نے امن کمیٹی کے ارکان، جلوس منتظمین اور علماء کرام سے ملاقات میں ان کے تعاون کا شکریہ ادا کیا، اور عزاداروں سے براہ راست بات چیت کرکے انتظامات سے متعلق ان کی آراء لیں۔ بلال اظہر کیانی نے محرم الحرام کی تقدیس کو یاد دلاتے ہوئے کہاکہ حضرت امام حسینؓ، اہل بیت اطہار اور ان کے 72 وفادار ساتھیوں کی قربانی بہادری، سچائی اور اصولوں پر سمجھوتہ نہ کرنے کی روشن مثال ہے، امام عالی مقامؓنے جبر کے سامنے سر نہ جھکانے کا ابدی سبق دیا۔

وزیر مملکت نے پنجاب کے انتظامات کو ’’صوبے کی تاریخ میں بہترین‘‘قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں قائم ہونے والی نئی روایت کو سراہا۔ سیکیورٹی فورسز، ریسکیو 1122 کے عملے اور ضلعی انتظامیہ کے جوانوں کی لازوال خدمات پر ان کا خصوصی خراج تحسین بھی پیش کیا۔