سعودی شہر جدہ میں منشیات سمگلنگ کے الزام میں 2 پاکستانی گرفتار

گرفتاری عمل میں لائے جانے کے بعد ملزمان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی

Sajid Ali ساجد علی پیر 7 جولائی 2025 17:09

سعودی شہر جدہ میں منشیات سمگلنگ کے الزام میں 2 پاکستانی گرفتار
جدہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 جولائی 2025ء ) سعودی عرب میں منشیات سمگل کرنے پر 2 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ المرصد اخبار کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے جدہ کے ایک محلے میں منشیات کو فروغ دینے کے الزام میں 2 پاکستانی باشندوں کو گرفتار کیا ہے، اس حوالے سے اطلاع دینے میں ایک شہری کے تعاون کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کی گرفتاری عمل میں لائے جانے کے بعد ان کے خلاف ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی اور انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا۔

دوسری طرف سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ منشیات سمگل کرنے پر غیر ملکی پر سزائے موت کا فیصلہ نافذ کر دیا گیا ہے، پاکستانی تارک وطن غلام طفیل محمد مصطفیٰ کو منشیات سمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، تمام ثبوت اور دلائل کے ساتھ ملزم کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا جہاں الزام ثابت ہونے اور زمین میں فساد پھیلانے پر سزائے موت کا فیصلہ سنا دیا گیا، بعد ازاں اپیل کورٹ نے زریں عدالت کے فیصلے کی تصدیق کی اور ایوان شاہی نے فیصلے پر عملدرآمد کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں پیر کے روز مکہ مکرمہ میں عدالت کا فیصلہ نافذ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ریاض میں سکیورٹی گشت نے 2 پاکستانی تارکین وطن کو گرفتار کیا ہے جو ایک پاکستانی خاتون پر حملہ کرتے ہوئے ویڈیو میں نظر آئے، جس میں موجود ملزمان کی نشاندہی پر انہیں گرفتار کیا گیا، ان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی اور ملزمان کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا، جس شخص نے اس سارے معاملے کی ویڈیو بنائی اور اسے شیئر کیا اسے بھی سائبر کرائم مخالف قانون کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا جائے گا۔