علماء، اکابرین، تاجر برداری اور میڈیا کے تعاون نے پُر امن عشرہ محرم کے اختتام میں کلیدی کردار اداکیا،چیف سیکرٹری کے پی کے

پیر 7 جولائی 2025 18:24

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور آئی جی پی خیبرپختونخو اذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ تمام مسالک کے علماءاور اکابرین، تاجر برداری، علاقے کی عوام اور میڈیا کے تعاون نے پُر امن عشرہ محرم کے اختتام میں کلیدی کردار اداکیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یومِ عاشور پر سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی گیٹ کے دورہ کے دوران پر کیا۔

واضح رہے کہ یکم محرم الحرام 1447ہجری سے شروع ہونے والے عشرہ محرم الحرام کا پر امن انعقاد دہشتگردی کی اٹھتی لہر میں خیبرپختونخوا پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لئے ایک چیلنج تھا۔سالِ رواں صوبہ بھر میں محرم الحرام کے حوالے سے کم وبیش 9 ہزار چھوٹے بڑے جلوس اور 7 ہزار سے زائد مجالس منعقد ہوئیں جن کے لئے 50 ہزار کے قریب خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اہلکاروں کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے خدمات سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں صوبائی دارلحکومت پشاور میں 11ہزار سے زائد، ڈی آئی خان میں دس ہزار ، ہنگو میں 5ہزار، ایبٹ آباد میں 3500، مانسہرہ اور کوہاٹ میں 3ہزار کرم ، اورکزئی ، بنوں، لکی مروت ، ٹانک، ہری پور میں 2ہزار ،مردان اور نوشہرہ میں 1500,1500 پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض کی انجام دہی میں مصروف رہے۔ یوم عاشور کے موقع پر صوبہ بھر میں 735 مجالس اور 257 جلوس برآمد ہوئے جن میں 123مجالس اور 96جلوس انتہائی حساس قرار دیئے گئے تھے۔

پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں انتہائی منظم طریقے سے کوارڈینیشن برقرار رکھتے ہوئے ملٹی لیئر سکیورٹی اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم ترتیب دیا جس کے ثمرات بہترین اور پرامن یوم عاشور کے انعقاد کی صورت میں ملے۔ یوم عاشور کے دن امن و امان برقرار رکھنے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے مشترکہ طور پر سپریم کمانڈ پوسٹ کوہاٹی گیٹ کا دورہ کیا۔

دورے کا مقصد صوبائی دارالحکومت پشاور میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینا اور جلوسوں کی نگرانی کرنا تھا۔ سپریم کمانڈ پوسٹ میں پولیس و ضلعی انتظامیہ کے علاوہ ریسکیو 1122 ، محکمہ صحت، پیسکو، ڈبلیو ایس ایس پی، سول ڈیفنس، ٹی ایم اے پشاور، بی ڈی یو یونٹ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے اور اہلکاران براہ راست مانیٹرنگ اور فوری ردعمل کی ذمہ داری انجام دے رہے تھے۔

دورے کے دوران دونوں اعلیٰ حکام کو ضلعی انتظامیہ، پولیس، اور متعلقہ اداروں کی جانب سے محرم سکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ تمام مرکزی اور ذیلی جلوسوں و مجالس کی نگرانی کے لیے جدید سی سی ٹی وی سسٹمز، ڈرونز اور فیلڈ فورسز کو فعال رکھا گیا ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس یونٹس بھی ہمہ وقت تیار رہے۔

آئی جی پی اور چیف سیکرٹری نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا، جہاں محرم کے جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ، سکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ذمہ دار افسران و اہلکاروں کی محنت، تیاری اور پیشہ ورانہ جذبے کو سراہا۔ انہوں نے سپریم کمانڈ پوسٹ میں موجود مختلف مکاتب فکر کے مذہبی اکابرین سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ محرم الحرام کے تمام جلوس بہ خیریت پایہ تکمیل کو پہنچے۔پولیس اور تمام سکیورٹی ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمنٹے کے لیے پوری طرح الرٹ اور چوکس رہے۔پشاور میں محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے لیے 11 ہزار کے قریب پولیس اہلکاران تعینات رہے ۔ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے پولیس، پاک فوج، ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کا تعاون، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری ہی خیبرپختونخوا میں پائیدار امن کی بنیاد ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے سکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ تیاری اور مربوط پلاننگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کر رہی ہے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔دونوں اعلیٰ حکام نے اس موقع پر تمام سکیورٹی اداروں، پولیس فورس، مذہبی قائدین، تاجر برادری، میڈیا نمائندگان اور امن کمیٹیوں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے باہمی تعاون سے محرم کے پرامن انعقاد کو ممکن بنایا۔

بعد ازاں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ اور آئی جی پی ذوالفقار حمید نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم آپریشنز روم اور میڈیا سیل کا بھی دورہ کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پی محمد علی بابا خیل اور ڈی آئی جی آپریشنز رب نواز خان نے ان کو صوبہ بھر کے ماتمی جلوسوں کی ان کیمرہ مانیٹرنگ اور صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت صوبہ بھر کے ماتمی جلوس اور مجالس کی کوریج اور رئیل ٹائم معلومات تک رسائی کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع کے جلوسوں کی براہ راست نگرانی کرتے ہوئے سکیورٹی پر مامور پولیس حکام کو مرکزی آپریشن روم سے وقتاً فوقتاً ہدایات بھی دی جاتی رہی ہیں۔

چیف سیکرٹری اور آئی جی پی نے میڈیا سیل میں تمام مین سٹریم میڈیا چینلز کی لائیو مانیٹرنگ اور سوشل میڈیا مانیٹرنگ کے بارے بھی معلومات حاصل کیں۔