معبودان باطلہ اور شرکیہ اعمال کرنے اور کروانے والے عاملین کو پاکستان میں قرار واقعی سزا دینی چاہئے،الشیخ عبیدالرحمٰن محمدی

پیر 7 جولائی 2025 21:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)چاند ستاروں کو اپنا معبودِ برحق ماننے والے شرک و بدعت کے گھٹا ٹوپ اندھیروں میں گم ہو جایا کرتے ہیں ۔ چرند ، پرند، حجر ، شجر، نباتات ، جمادات اور دنیا کی ہر جاندار چیز کا خالق و مالک صرف اور صرف ایک رب تعالیٰ ہے جس نے صر ف چھ دنوں میں زمین و آسمان کو تخلیق کیا رب رحمٰن کی اس تخلیق کی دلالت رب تعا لیٰ کے قرآن مجید کی آیات کریمہ بھی کرتی ہیںان خیالات کا اظہار شمسی ہائوسنگ سو سائٹی ملیر کراچی کی جامع مسجد عثمان بن عفان ؓ میں معہد السلفی گلستان جوہر کراچی کے پروفیسر عبید الرحمٰن محمدی نے خواتین و حضرات کے ایک بڑے اجتما ع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ معبودان باطلہ اور طاغوتی قوتوں سے منسلک انسان زندگی میں کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکتا بس رب ذوالجلال کی توحید اور محمد ﷺ کی رسالت ہمیں دین اسلام سے وابستہ رہنے کی تاکید اور تلقین کرتی رہتی ہے ۔

(جاری ہے)

الشیخ عبید الرحمٰن محمدی نے کہا کہ ایک اعدا دو شمار کے مطابق پاکستان میں پانچ لاکھ سے زائد عاملین اور علم نجوم کے ماہر پاکستان کے ہر شہر اور ہر علاقے میں اپنی دکان چمکائے بیٹھے ہیں جہاں وہ شرکیہ اعمال، غیر مہذب اور غیر اسلامی عمل کے مرتکب ہو کر اپنے ایمان کے تحفظ کو غیر محفوظ بنا لیا کرتے ہیں اور یہ عاملین خواتین و حضرات کے گھروں کو اجاڑنے کے ساتھ ساتھ ان کی عزتوں سے بھی کھیل کر اپنے غلط اعمال کی برہنگی کے مرتکب ہو جاتے ہیںانہوں نے کہا کہ حکومت وقت، پارلیمنٹ ہائوس اور دیگر ذمے داراداروں کو چاہئیے کہ وہ ان کی غیر مہذب عاملیت اور ناکردہ گناہوں کو جمع کر کے ان کے خلاف حکومتی سطح پر تادیبی کارروائی کریں اور انہیں قرار واقعی سزا بھی دیں۔

یہ عاملین معاشرے کے ہزاروں نہیں لاکھوں افراد کو اپنے چنگل میں پھنسا کر انہیں اسطرح لوٹتے ہیں کہ چور بھی اسطرح لوٹ مار نہیں کرتے اس کا تذکرہ لٹ جانے والے سینکڑوں افراد اپنی آب بیتی اور جگ بیتی اخبارات ، میگزین اور ماہانہ ڈائجسٹ میں بتا چکے ہیں جسے پڑھ کر ہر قاری آبدیدہ ہو جاتا ہے اور یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ ہمارے اسلامی ملک پاکستان میں ایسے عاملین بھی موجود ہیں جو حضرت انسان کی پوری زندگی کی جمع پونجی کا پہلے صفایا کرتے ہیں پھر اس اپنے مرید کو وہ تعویذات دیتے ہیں جن تعویزات سے اس شخص کا حافظہ اور دل و دماغ (Out of Order)ہو جایا کرتے ہیں ان عاملین کی یہ حرکات و سکنات معاشرے کے ہر فرد کیلئے زہر قاتل ہیں ان کا مداوا کرنا پاکستان کے ہر شہری اور حکومت وقت کا کام ہے۔