مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا سے ٹوچی ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندوں کی ملاقات،صحافت کے مسائل اور عوامی مشکلات سے آگاہ کیا

پیر 7 جولائی 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف سے ٹوچی ویلفیئر آرگنائزیشن کے نمائندوں نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران شمالی وزیرستان کے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔وفد کی قیادت ٹوچی ویلفیئر آرگنائزیشن کے جنرل سیکرٹری معمور جان داوڑ اور پیٹرن انجینئر رحمت اللہ خان نے کی۔

وفد نے مشیر اطلاعات کو شمالی وزیرستان میں موجودہ صورتحال، سماجی ترقی، صحافت کے مسائل اور سرکاری اداروں میں عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔ وفد نے شمالی وزیرستان پریس کلب کے لیے گرانٹ میں اضافہ، میران شاہ اور رزمک ریڈیو اسٹیشنز کو درپیش مسائل اور میرعلی میں ایک نئے ریڈیو اسٹیشن کے قیام کی تجویز پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بلاک شدہ شناختی کارڈز کے مسئلے پر بھی گفتگو ہوئی۔

وفد نے نشاندہی کی کہ بلاک شناختی کارڈ کی شنوائی کیلئے میران شاہ میں قائم کمیٹی تک عام شہریوں کی رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے حل کے لیے مشیر اطلاعات سے مؤثر کردار ادا کرنے کی اپیل کی گئی۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے شمالی وزیرستان کے عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل میں دلچسپی لینے پر ٹوچی ویلفیئر آرگنائزیشن کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں حکومت اس سمت بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ مشیر اطلاعات نے کہا کہ ٹوچی ویلفیئر آرگنائزیشن تعلیم، صحت اور نوجوانوں کی بہبود میں جو خدمات انجام دے رہی ہے، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے اٹھائے گئے مسائل کو متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر جلد از جلد حل کیا جائے گا۔