Live Updates

موٹرویز و قومی شاہراہوں پر بارش، موٹروے پولیس کی محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت

منگل 8 جولائی 2025 23:16

موٹرویز و قومی شاہراہوں پر بارش، موٹروے پولیس کی محتاط ڈرائیونگ کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) ملک کے وسطی علاقوں میں جاری موسلا دھار بارش کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کرنے والے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کے مطابق سینٹرل ریجن کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے پیش نظر ڈرائیور حضرات کو محتاط ڈرائیونگ کی تلقین کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ موٹروے ایم 2 پر لاہور سے شیخوپورہ تک، اور موٹروے ایم 3 پر فیض پور سے ننکانہ صاحب تک تیز بارش ہو رہی ہے، جبکہ نیشنل ہائی وے پر لاہور، پتوکی اور اوکاڑہ کے علاقوں میں بھی بارش کی شدت برقرار ہے۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش اور پھسلن کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے، اس لیے دوران سفر تیز رفتاری سے گریز کیا جائے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شہریوں کو چاہیے کہ گاڑیوں کے وائپر، ہیڈ لائٹس اور بریکس کو چیک کر کے سفر کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔موٹروے پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ دوران سفر کسی بھی ہنگامی صورت میں فوری طور پر ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں، پولیس کی ٹیمیں ہمہ وقت مدد کے لیے موجود ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات