عوام کو بہترین خدمات اور سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈی جی ایم ڈی اے

منگل 8 جولائی 2025 20:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے ادارے میں قائم ون ونڈو سیل کا دورہ کیا اور موجود شہریوں سے بات چیت کر کے ان کے مسائل دریافت کئے۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل رانا سلیم احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بہترین سروسز مہیاء کرنا اولین ترجیح ہے ، اس سلسلے میں ون ونڈو سیل پر ایک چھت کے نیچے 34 سے زائد سروسسز دی جا رہی ہیں ،جہاں عوامی خدمت کےلئے تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے۔

انہوں نے کہا کہ ون ونڈو سیل کو مزید موثر بنانے کے لئے ون ونڈو سیل کو نئی بلڈنگ میں شفٹ کیا جا رہا ہے،نئے ون ونڈو سیل پر ہمہ وقت متعلقہ ڈائریکٹوریٹ کا سٹاف موجود رہے گا، نئے ون ونڈو سیل پر پلاٹ ٹرانسفر کے ساتھ ساتھ دیگر سروسسز بھی مہیاء کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان کو وزٹ کے دوران ون ونڈو سیل کی مالی سال 2024-25 کی کارکردگی پر بھی بریفنگ دی گی جس کے مطابق ایم ڈی اے ون ونڈو سیل پر مالی سال 2024-25 کے دوران کارکردگی 100فیصد رہی۔

رپورٹ کے مطابق ایم ڈی اے ون ونڈو سیل پر مجموعی طور پر 4080 درخواستیں موصول ہوئیں۔ اسٹیٹ اینڈ لینڈ مینجمنٹ سے متعلقہ 2827، ٹاؤن پلاننگ سے متعلقہ 1233 اور اربن پلاننگ سے متعلقہ 20 درخواستیں موصول ہوئیں ۔ ون ونڈو سیل پر موصول ہونے والی تمام درخواستوں کو بر وقت نمٹا دیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل ایم ڈی اے رانا سلیم احمد خان نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا۔