Live Updates

سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب کا شاہدرہ اورمولن وال کا دورہ ، سیلابی صورتحال اورریلیف سرگرمیوں کا جائزہ

جمعرات 28 اگست 2025 19:41

سینئرصوبائی وزیرمریم اورنگزیب کا شاہدرہ اورمولن وال کا دورہ ، سیلابی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اگست2025ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری کے ہمراہ شاہدرہ اور مولن وال کے مختلف مقامات کا دورہ کیا اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس وقت پورا ملک سیلابی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومتِ پنجاب اور وفاقی حکومت مل کر دن رات سرگرم عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشنز کشتیوں کے ذریعے بلا تعطل جاری ہیں اور حکومت کی پہلی ترجیح انسانی جانوں کو محفوظ بنانا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان جناب شہباز شریف نے بھی سیالکوٹ اور نارووال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیلابی صورتحال اور ترقیاتی امور کا خود جائزہ لیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پہلے سے نالوں اور نہروں کی صفائی کا عمل مکمل کیا جاچکا تھا، جس کے باعث پنجاب ایک بڑے بحران سے محفوظ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں اور اداروں کی دن رات کی انتھک کاوشیں لائقِ تحسین ہیں اور وزیراعلی پنجاب اور ان کی جانب سے ان تمام ٹیموں کو شاباش دی گئی ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام وزرا کو اپنے اپنے اضلاع میں ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں اور وہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کے کاموں میں مصروف ہیں۔

اب تک دو لاکھ سے زائد مویشیوں کو ان کے مالکان سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ بچوں اور خواتین کو محفوظ پناہ گاہوں تک پہنچایا جا رہا ہے اور متاثرہ افراد کو کھانا، ادویات اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ریسکیو 1122 اور دیگر ادارے مسلسل تین دن سے عوامی ریلیف کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق سیلاب کے باعث 12 قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

تاہم شاہدرہ کے اطراف کے علاقوں سے عوام کو پہلے ہی بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا تھا جس کے باعث بڑے سانحے سے بچا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان گزشتہ تین دن سے فیلڈ میں موجود ہیں اور ریلیف سرگرمیوں کی براہِ راست نگرانی کررہے ہیں۔ وزیراعلی پنجاب خود بھی سیلابی صورتحال کو مانیٹر کر رہی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لے رہی ہیں۔آخر میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ سیاسی قیادت اور ریاستی ادارے عوامی خدمت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کی جان، مال اور مویشیوں کا تحفظ ہے اور کسی بھی متاثرہ شخص کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات