ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری،خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد

منگل 8 جولائی 2025 22:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی متحرک ہو گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں غیر معیاری، ملاوٹی اور ایکسپائرڈ اشیائے خور و نوش کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کے ہمراہ ملتان روڈ، جھنگ روڈ اور علی پور روڈ مظفرگڑھ پر واقع تین بڑے سپر سٹورز کا معائنہ کیا۔کارروائی کے دوران 39 کلو ملاوٹی مرچیں تلف کی گئیں اور 21 کلو ایکسپائرڈ اشیاء ضبط کر کے ضائع کی گئیں۔سٹور مالکان پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 70 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

معائنے کے دوران دیکھا گیا کہ مذکورہ سپر سٹورز پر ملاوٹ شدہ مصالحہ جات اور معیاد ختم شدہ مصنوعات عوام کو فروخت کی جا رہی تھیں، جس پر فوڈ اتھارٹی ٹیموں نے سخت کارروائی کرتے ہوئے اشیاء کو موقع پر ضائع کر دیا۔اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ ایکسپائرڈ اور ملاوٹ شدہ اشیاء کی فروخت ناقابل برداشت ہے اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر خوراک کی کوالٹی کی جانچ کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں۔فوڈ اتھارٹی کی طرف سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ملاوٹ یا غیر معیاری خوراک کی اطلاع فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن یا قریبی دفتر میں دیں تاکہ فوری ایکشن لیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :