ڈیرہ غازی خان، ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات تیز

منگل 8 جولائی 2025 22:30

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) ڈیرہ غازی خان پولیس نے حالیہ بارشوں اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر اضلاع بھر میں ہنگامی حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ترجمان ڈیرہ غازی خان پولیس کے مطابق ضلعی پولیس افسران کی ہدایت پر ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں متحرک ہیں اور دیہی و نشیبی علاقوں کا سروے کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکاروں کی جانب سے مختلف علاقوں میں لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کیے جا رہے ہیں جن میں عوام کو محتاط رہنے، محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ ضلعی پولیس انتظامیہ مکمل طور پر الرٹ ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل اور امدادی کارروائیاں ممکن بنائی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15، متعلقہ تھانے یا 064-9260113 پر اطلاع دیں۔

متعلقہ عنوان :