ملائشیا کے وزیراعظم نے غزہ کے معاملہ پر امریکی اور مغربی رویہ منافقانہ قرار دیدیا

عالمی قوتیں دنیا میں امن چاہتی ہیں تو اس دوہرے معیار اور منافقانہ عمل کو چھوڑ کر مظلوموں کی حمایت کریں،گفتگو

بدھ 9 جولائی 2025 16:05

کوالالمپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)ملائشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے غزہ کے معاملہ پر امریکی اور مغربی رویہ منافقانہ قرار دیدیا۔

(جاری ہے)

عالمی میڈیا کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر دوہرا معیار اپنانے پر امریکا اور مغربی ممالک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ غزہ اور ایران پر اسرائیل کی بدترین جارحیت پر مجرمانہ خاموشی بلکہ معاونت نے امریکا اور مغربی ممالک کا چہرہ بے نقاب کردیا۔

انور ابراہیم نے کہا کہ غزہ میں جس طرح انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں اور سنگین جنگی جرائم کا ارتکاب ہو رہا ہے اس پر امریکا اور مغربی ممالک کا ردعمل منافقانہ ہے، یہ دوہرا معیار ناقابل قبول ہے۔انہوں نے عالمی قوتوں سے اپیل کی اگر دنیا میں امن چاہتے ہیں تو اس دوہرے معیار اور منافقانہ عمل کو چھوڑ کر مظلوموں کی حمایت کریں اور انسانیت کا ساتھ دیں۔