پاکستان سالانہ 17500ملین انڈے، 1440ملین کلوگرام چکن میٹ پیدا کر رہا ہے، سجاد ارشد

بدھ 9 جولائی 2025 16:59

پاکستان سالانہ 17500ملین انڈے، 1440ملین کلوگرام چکن میٹ پیدا کر رہا ہے، ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سابق سینئر نائب صدرو پولٹری فارمنگ ایکسپرٹ ڈاکٹر سجاد ارشد نے بتایا کہ پاکستان سالانہ 17500ملین انڈے اور 1440ملین کلوگرام چکن میٹ پیدا کر رہا ہے جبکہ وطن عزیز نے سال2022 میں 16.8ملین کے انڈے اورسال2024میں 115464ٹن مرغی کا گوشت اور گوشت کی دیگر مصنوعات بھی برآمد کیں۔

(جاری ہے)

پولٹری فارمر زکے وفد سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت مرغی کے گوشت کے استعمال کی فی کس شرح 7.20کلوگرام ہے جبکہ ہر پاکستانی سال میں صرف 88انڈے استعمال کرتا ہے جو عالمی معیار کے مطابق بہت کم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 40فیصد آبادی غذائی قلت اور عدم بڑھوتری کا شکار ہے جبکہ سستی پروٹین نہ ملنے سے آئندہ نسل کے متاثرہونے کا خدشہ ہے جس کے نتیجہ میں ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی پالیسیاں بنانا ہوں گی جن سے صحت مند نئی نسل کو پروان چڑھانے کیلئے ان کی غذائی اور سستی پروٹین کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔