سماجی کارکن فیضان حسین نے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی

بدھ 9 جولائی 2025 17:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) سماجی کارکن فیضان حسین نے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی۔تفصیلات کے مطابق موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی نمبرپلیٹس کی تبدیلی کامعاملہ سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا ، سماجی کارکن فیضان حسین نے نمبر پلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی۔درخواست میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، موٹر وہیکل رجسٹریشن ونگ اورڈی آئی جی ٹریفک کو فریق بنایا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت ک ینمبرپلیٹس کی تبدیلی کے فیصلے سے شہریوں کومشکلات کا سامنا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق نئی نمبر پلیٹ نہ لگانے والے شہریوں کی گاڑیاں ضبط کرلی جائیں گی۔درخواست میں کہنا تھا کہ شہریوں نے پرانی نمبر پلیٹس رقم کی ادائیگی کے بعد حاصل کی تھیں، اب حکومت کو نئی ڈیزائن کی نمبر پلیٹس مفت فراہمی کرنی چاہئیں، نئی نمبر پلیٹس کی غیر موجودگی پر جرمانے اور ضبطگی کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

درخواست میں مزید کہا گیا کہ موٹروہیکل اور ٹریفک پولیس نے نئی نمبر پلیٹس کی بنیاد پر کاروبارشروع کردیا اور ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری ہراساں کیا جارہا ہے۔سماجی کارکن کا کہنا تھا کہ سرکاری ادارے نئی نمبر پلیٹس مہینوں بعد جاری کررہے ہیں جبکہ سڑک کنارے بیٹھے لوگ جعلی نمبر پلیٹس بنا رہے ہیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ شہریوں کونئی نمبرپلیٹس مفت جاری کرنیکاحکم دیا جائے اور شہریوں پر جرمانے اور گاڑیوں کی ضبطگی بند کی جائے۔