ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان کی زیر صدارت سندھ سوشیل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

بدھ 9 جولائی 2025 17:46

ٹنڈو محمد خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)سندھ سوشیل پروٹیکشن اتھارٹی کے تحت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (DCC) کا ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس ٹنڈو محمد خان میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان شاہزیب شیخ نے کی۔ اجلاس میں "مامتا پروگرام" پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ڈپٹی کمشنر ٹنڈو محمد خان شاہزیب شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مامتا پروگرام کا بنیادی مقصد ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا ہے۔

حکومتِ سندھ اس پروگرام کے ذریعے حاملہ خواتین کو 30,000 روپے کی مالی معاونت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ حمل کے دوران معیاری طبی سہولیات حاصل کر سکیں۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ امدادی رقم بغیر کسی کٹوتی کے مستحق خواتین کو دی جائے اور پروگرام سے متعلق آگاہی مہم کو مزید فعال اور مثر بنایا جائے، تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل خواتین اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر عابدہ نوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مامتا پروگرام ورلڈ بینک کے تعاون سے سندھ کے 15 اضلاع میں جاری ہے، جن میں ضلع ٹنڈو محمد خان بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں اس وقت 40 صحت مراکز مامتا پروگرام کے تحت کام کر رہے ہیں، جن میں سے 38 مراکز پی پی ایچ آئی اور 2 مراکز محکمہ صحت (ڈی ایچ او) کے تحت فعال ہیں محترمہ عابدہ نوید کے مطابق 25 جون 2025 تک کی رپورٹ کے مطابق 25,936 خواتین مامتا پروگرام کے تحت رجسٹر ہو چکی ہیں۔

رجسٹرڈ خواتین کو بینک الفلاح کے ذریعے امدادی رقم کی ادائیگی کی جا رہی ہے، جبکہ ادائیگی کے عمل کو مزید تیز اور سہل بنانے کے لیے جلد ہی اکانٹ کھولنے کے خصوصی کیمپس قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کی شکایات اور معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1054 اور سرکاری ویب سائٹ کی سہولت بھی دستیاب ہے، تاکہ کسی قسم کی رکاوٹ یا شکایت کی فوری طور پر نشاندہی ہو سکے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I ذوالفقار علی نظامانی، ڈسٹرکٹ مینیجر پی پی ایچ آئی طاہر علی لاشاری، قائم مقام ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مظہر نظامانی، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ غلام مصطفی زنر، ڈاکٹر شگفتہ بھٹی، ڈاکٹر نایاب، ایڈیشنل ڈائریکٹر نادرا، پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ محکموں اور این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔