قائم مقام میئر پشاور گوہر زمان خلیل کی زیر قیادت چیئرمینوں کے وفد کا حیات آباد میں سوئی گیس دفتر کا دورہ

بدھ 9 جولائی 2025 18:39

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جولائی2025ء) قائم مقام میئر پشاور گوہر زمان خلیل نے چیئرمینوں پر مشتمل ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ سوئی نادرن گیس کمپنی حیات آباد دفتر کا ہنگامی دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے پشاور کے مختلف علاقوں خصوصا تہکال اور اندرون شہر میں جاری گیس قلت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اعلی افسران کو فوری اقدامات کے احکامات جاری کیے، گوہر زمان خلیل نے سوئی گیس حکام کے سامنے واضح کیا کہ صبح 6 بجے سے دوپہر 12 بجے تک گھریلو صارفین گیس لوڈ شیڈنگ سے عاجز ہو گئے ‘ مزدور طبقہ، اور خواتین کو کھانے پینے کی اشیاء میں مشکلات پیش آرہی ہیں جو سراسر ناانصافی ہے او ر یہ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ عوام نے پشاور کے منتخب بلدیاتی ممبران پر اعتماد کیا ہے اور ہم عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائینگے ‘ انہوں نے کہاکہ اگر سوئی گیس انتظامیہ نے بہتری نہ لائی تو پھر ہم عوامی احتجاج سے بھی گریز نہیں کریں گے، قائم مقام میئر پشاور کی جانب سے اہم چند مطالبات پیش کئے گئے جن میں گیس پریشر کی کمی کا فوری ازالہ صبح کے وقت گیس فراہمی یقینی بنائی جائے‘تہکال، نوتھیہ، گلبہار، حیات آباد بشمول تمام پشاور سمیت متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی شیڈول بنایا جائے، چیئرمینوں کے وفد نے بھی اس موقع پر اپنی متعلقہ یونین کونسلز کے گیس مسائل تفصیل سے بیان کیے۔

(جاری ہے)

حکام نے وفد کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور موقع پر ایک گھنٹہ ریلیف بھی دیتے ہوئے مکمل پریشر کیساتھ یقین دہانی کرائی ۔