چیئرمین اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے گورنمنٹ کالج فار مین میں قائم اسسمنٹ سینٹر کا دورہ کیا

بدھ 9 جولائی 2025 22:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) چیئرمین اعلی ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے گورنمنٹ کالج فار مین میں قائم اسسمنٹ سینٹر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحانات 2025 کے پہلے مرحلے میں ہونے والے سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس کی جوابی کاپیوں کی جانچ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ نے وہاں موجود اساتذہ سے ملاقات کی اور ان کے کام کی نوعیت اور طریقہ کار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی جوابی کاپیوں کی جانچ مکمل ایمانداری، شفافیت اور پروفیشنلزم کے اعلی معیار کے مطابق کی جائے تاکہ ہر طالبعلم کو اس کی محنت کا منصفانہ صلہ مل سکے۔

(جاری ہے)

چیئرمین انٹربورڈ فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح طلبہ کا مستقبل ہے، اور اسی مقصد کے تحت ہم امتحانی عمل کے ہر مرحلے کو شفاف اور بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

جوابی کاپیوں کی جانچ میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوابی کاپیوں کی جانچ کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے، بورڈ کی کوشش ہے کہ یہ عمل جلد از جلد مکمل کر کے نتائج کا اعلان بروقت کیا جائے۔چیئرمین انٹربورڈ نے اسسمنٹ سینٹر میں موجود سہولیات اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اساتذہ کی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :