یونیورسٹی آف سرگودھا میں فیسلیٹیشن سنٹر کے زیر اہتمام داخلوں کی تیاری کے موضوع پرتربیتی نشست کا انعقاد

بدھ 9 جولائی 2025 22:50

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا میں فیسلیٹیشن سنٹر کے زیر اہتمام داخلوں کی تیاری کے موضوع پرتربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات کے فوکل پرسنز کو داخلہ عمل کے مختلف پہلوؤں سے روشناس کرایا گیا۔تربیتی سیشن میں ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسزو چیئرمین ایڈمیشن کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر مسعود سرور اعوان، ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹرعظمیٰ شاہ زادی،ڈائریکٹرانفارمیشن ٹیکنالوجی اشتیاق احمد گوندل،اسسٹنٹ کمپیوٹر پروگرامرسمیع اللہ خان نے تعلیمی شعبہ جات کے فوکل پرسنز کو تربیت فراہم کی جبکہ سیشن کی میزبانی منیجرفیسلیٹیشن سنٹرڈاکٹر بلال احمد نے کی۔

سیشن میں داخلے کے مکمل مرحلہ وارعمل پرتفصیل سے روشنی ڈالی گئی، جس میں ابتدائی درخواست جمع کرانے سے لے کر حتمی انرولمنٹ تک تمام مراحل شامل تھے۔

(جاری ہے)

فوکل پرسنز کو داخلوں کے دوران درپیش عمومی چیلنجز جیسے سسٹم میں سستی، نامکمل درخواستیں، یا جمع شدہ ڈیٹا میں غلطیوں کی نشاندہی اور درستگی کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا تاکہ معلومات کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

شرکاء کو داخلہ پالیسی، اہلیت کے اصول، درکار دستاویزات اور کوٹہ سے متعلقہ ضوابط پر بھی تفصیل سے بریفنگ دی گئی تاکہ میرٹ کی بنیاد پر شفاف داخلوں کا عمل ممکن ہو۔سیشن کا مرکزی جزو آن لائن ایڈمیشن پورٹل کا تعارف اور اس کا عملی استعمال تھا، جسے جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے مکمل خودکار اور ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ اس میں ڈیٹا کی مرکزیت، سسٹم کے ذریعے تیار کردہ میرٹ لسٹیں، اور رول بیسڈ ایکسیس جیسے فیچرز شامل کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی انسانی مداخلت یا پسند ناپسند کا خاتمہ کیا جا سکے۔

شرکاء کو طلبہ کی مؤثر رہنمائی کے لیے بھی تربیت دی گئی، جن میں طلبہ کے سوالات کے بروقت جوابات دینا، درخواست کے مراحل کی وضاحت اور ڈیجیٹل سسٹم سے ناآشنا امیدواروں کی مدد کرنا شامل تھا۔یہ سیشن اس بات کو یقینی بنانے کے لیے منعقد کیا گیا کہ داخلہ فوکل پرسنز مکمل تیاری، تکنیکی مہارت اور شفاف حکمت عملی کے ساتھ 2025 کے داخلوں کو آسان، منظم اور طالب علم دوست انداز میں مکمل کر سکیں۔

متعلقہ عنوان :