چوہدری پرویز الٰہی تخت پڑی جنگلات اراضی ریفرنس میں خصوصی احتساب عدالت میں پیش ہو گئے

بدھ 9 جولائی 2025 23:07

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی تخت پڑی جنگلات اراضی ریفرنس میں خصوصی احتساب عدالت پیش ہو گئے۔تخت پڑی اراضی کیس میں پیش نہ ہونے پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج شیخ اعجاز علی نے تخت پڑی جنگلات کی 6 ہزار کنال اراضی میں خورد برد ریفرنس کی سماعت کی، دوران سماعت چودھری پرویز الٰہی کے وکلاء نے اراضی ریفرنس کی قانونی حیثیت کو چیلنج کیا۔

پرویز الٰہی کے وکلاء کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر دلائل دیئے گئے جبکہ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی مخالفت کی گئی۔احتساب عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کو اگلی سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی کر دی۔