بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،فوڈ سیفٹی قوانین پرعمل نہ ہونے پر ہوٹل اور آئس لولی یونٹ سیل ،10خوراکی مراکز کے مالکان پر جرمانے عائد

بدھ 9 جولائی 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے فوڈ سیفٹی قوانین پرعملدرآمد نہ ہونے پر ہوٹل اور آئس لولی یونٹ سیل کردیاجبکہ صفائی کے غیرمناسب انتظامات وحفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر10خوراکی مراکز کے مالکان کو جرمانہ کردیا۔ بدھ کو بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کوئٹہ اور کچلاک میں اشیائے خورد و نوش کے مراکز خصوصاً ریسٹورنٹس کی چیکنگ کی اورصفائی کے ناقص انتظامات اور ورکرز کی ذاتی صفائی کی خراب حالت ، کیڑے مکوڑوں کی روک تھام کے نامناسب سسٹم اور کھانوں کی تیاری میں خراب و باسی ٹماٹر کے استعمال جبکہ نکاسی آب کے نامناسب نظام پر 2 ہوٹلوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورنٹس مالکان جرمانہ عائد کردیا۔

ایس او پیز کے مطابق نشاندہی کردہ نقائص کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

سریاب روڈ و ملحقہ علاقوں میں بی ایف اے حکام نے کریک ڈائون کرتے ہوئے ایک ریسٹورنٹ اور ایک آئس لولی یونٹ فوڈ سیفٹی قوانین کی شدید خلاف ورزیوں پر سربمہر کردیا گیا۔سیل کردہ مراکز میں ریسٹورنٹ کو بالترتیب باسی پھلوں کی سٹوریج ، مکھیوں کی بھرمار ، آلودہ و جراثیم زدہ کچرہ دان سمیت متعدد وجوہات اور لائسنس کی عدم دستیابی جبکہ آئس لولی یونٹ کے خلاف گزشتہ ہدایات کے باوجود ورکرز کی ذاتی صفائی کی انتہائی خراب حالت، پروڈکشن میں مضر صحت رنگوں کے استعمال، پیکنگ ایریا میں بدبو ، زنگ آلود برتنوں کے استعمال اور نکاسی آب کے انتہائی ناقص انتظامات پر ایکشن لیا گیا ۔

دوران انسپکشن دو جنرل سٹورز مالکان کو ممنوعہ چائنیز نمک اور گٹکا پان پراگ فروخت کرنے پر جرمانہ کیا گیا ، دکانوں سے برآمد شدہ اشیا ضبط کر کے دکانداروں کو اس ضمن میں آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ ملاوٹی دودھ اور ناقص ڈیری مصنوعات کی تیاری فروخت کے تدارک کے لیے بی ایف اے ملک سیفٹی ٹیموں کی مشرقی بائی ، پاس پشتون آباد اور جبل نور کے علاقوں میں انسپکشن کی گئی ۔

دودھ میں ملاوٹ کرنے پر 4 دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے۔ بی ایف اے حکام کے مطابق موقع پر ٹیسٹ کردہ نمونوں میں سے جرمانہ کردہ چار مراکز کے دودھ میں پانی اور اسکمڈ ملک پائوڈر کی ملاوٹ پائی گئی۔ علاوہ ازیں اسپنی روڈ و ملحقہ علاقوں میں قائم تین واٹر فلٹریشن پلانٹس کا بھی معائنہ کیا گیا،جہاں واٹر فلٹریشن پروسیسنگ کے مختلف مراحل اور واٹر سیمپلز کی موقع پر ٹیسٹنگ کی گئی۔

اسی طرح پنجگور میں زائد المعیاد خوردنی مصنوعات فروخت کرنے پر بی ایف اے زونل انسپکشن ٹیم کی پنجگور کے مختلف مضافات میں سخت کارروائی کی گئی ۔بس ٹرمینل اور قریبی مضافات میں چیکنگ کے دوران 3 جنرل سٹورز سے زائد المعیاد ویفرز ، بسکٹس ، کولڈ ڈرنکس ، ٹیٹرا ملک پیکس وغیرہ اور پابندی عائد پان پراگ گٹکا کی بڑی مقدار برآمدکر لی گئی۔دکانوں سے پکڑی گئی مضر صحت تمام مصنوعات ضبط کر کے دکانداروں پر جرمانے عائد کیے گئے ۔بعد ازاں قبضے میں لی گئی ایکسپائر مصنوعات کو موقع پر تلف کر دیا گیا ۔اتھارٹی حکام کے مطابق معمولی نقائص پر چار دیگر کھانے پینے کے مراکز مالکان کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔