Live Updates

ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پوسٹ بجٹ سیمینار کا انعقاد

بدھ 9 جولائی 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) ملتان ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پوسٹ بجٹ سیمینار 2025-26کا انعقاد آ رٹی او آڈیٹوریم ہا ل میں کیا گیا۔ بدھ کو منعقدہ سیمینار میں وفاقی اور صوبائی ٹیکس قوانین میں حالیہ تبدیلیوں اور ان کے اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اور لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے چیئرمین ندیم بٹ، سپریم کورٹ کے سینئر وکیل طاہر بٹ اور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اعجاز بھٹہ نے بجٹ کی اہم شقوں، ٹیکس پالیسی میں تبدیلیوں اور ان کے عملی اطلاق پر مفصل گفتگو کی۔

مقررین نے شرکاء کو ٹیکس نیٹ، ڈاکیومنٹیشن اور مالیاتی نظم و ضبط سے متعلق امور بارے بھی آگاہ کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو ریجنل ٹیکس آفس ملتان محمد طارق ارباب تھے جبکہ چیف کمشنر ایل ٹی او ملتان ظفر اقبال خان اور ایف بی آر کے دیگر سینئر افسران سمیت ملتان ٹیکس بار کے وکلاء، ٹیکس ماہرین، تاجر، صنعت کار اور مالیاتی شعبے سے وابستہ افراد بھی سیمینار میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

شرکاء نے سیمینار کو نہایت مفید اور وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات ٹیکس دہندگان اور ریاستی اداروں کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام اور قانون کی آگاہی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر مہمانانِ گرامی میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ملک و ملت کے استحکام و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات