ملک و قوم کے لئے محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، سینئر مرکزی رہنما نسرین جلیل

ایم کیو ایم پاکستان مادر ملت کے عزم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خواتین کو بااختیار و خودمختار بنانے میں گامزن ہے، انچارج مرکزی شعبہ خواتین مریم خاتون

بدھ 9 جولائی 2025 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر وومن کنونشن سینٹر گلشن شمیم فیڈرل بی ایریا میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، پروگرام سے سینئر مرکزی رہنما نسرین جلیل نے گفتگو کرتے ہوئے ملک و قوم کے لئے محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، مرکزی رہنما کشور زہرا نے کہا کہ فاطمہ جناح کی زندگی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے، انچارج مرکزی شعبہ خواتین مریم خاتون نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان مادر ملت کے عزم پر عمل پیرا ہوتے ہوئے خواتین کو بااختیار و خودمختار بنانے میں گامزن ہے، ہماری تنظیم ہر انتخابات میں خواتین کو صف اول میں سیاست کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے، سابق رکن قومی اسمبلی خوشبخت شجاعت نے کہا کہ مادر ملت عظمت ہمت شجاعت اور بہادری کا استعارہ ہیں، حق پرست اراکین قومی اسمبلی رعنا انصار، نکہت شکیل، سینیٹر خالدہ اطیب نے بھی فاطمہ جناح کی شخصیت اور آزادی کی جدوجہد میں انکے ناقابل فراموش کردار پر روشنی ڈالی، تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر مرکزی شعبہ خواتین کی ذمہ داران سمیت خواتین و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔