انگلینڈ کیخلاف 10وکٹیں لینے والے آکاش کو کینسر میں مبتلا بہن نے میچ سے قبل کیا پیغام دیا

اپنے بھائی سے کہا ہے کہ وہ کھیل پر توجہ دیں اور میری صحت کی فکر نہ کریں‘پیغام،بہن کا چہرہ سامنے آجاتا، آکاش دیپ

جمعرات 10 جولائی 2025 11:25

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)بھارت کی جانب سے انگلینڈ کیخلاف 10 وکٹیں حاصل کرنے والے آکاش دیپ کو کینسر میں مبتلا ان کی بہن نے میچ سے قبل پیغام دیا جو میڈیا پر وائرل ہوگیا۔جسپریت بمراہ کی جگہ بھارتی ٹیم میں شامل ہونے والے فاسٹ بولر آکاش دیپ نے اپنی شمولیت درست ثابت کرتے ہوئے ایجبسٹن ٹیسٹ میں 10 وکٹیں حاصل کیں اور بھارت کی انگلینڈ کیخلاف 336 رنز سے فتح میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ بھارت کی فتح کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہوچکی ہے۔

بنگال سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولر نے اپنی کارکردگی کو اپنی بہن، اکھنڈ جیوتی سنگھ کے نام کیا تھا جو تیسرے مرحلے کے کینسر سے لڑ رہی ہیں۔میچ کے بعد آکاش دیپ نے چیتشور پجارا کو بتایا کہ جب بھی وہ بولنگ کرتے ہیں تو بہن کا چہرہ انکے ذہن میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی چینل سے بات کرتے ہوئے آکاش دیپ کی بہن اکھنڈ جیوتی نے بتایا کہ انھوں نے اپنے بھائی سے کہا ہے کہ وہ کھیل پر توجہ دیں اور میری صحت کی فکر نہ کریں۔

اکھنڈ جیوتی سنگھ نے اپنے بھائی کی کامیابی پر فخر اور خوشی کا اظہار بھی کیا، انگلینڈ کے دورے سے پہلے انھوں نے آکاش سے کہا کہ وہ میری فکر نہ کرے اور بھارت کے لیے اچھا کھیلنے پر توجہ مرکوز کرے۔جیوتی نے کہا کہ ''یہ ایک بڑی بات ہے کہ اس نے اپنے کیرئیر کا سب سے کامیاب لمحہ میرے لیے وقف کیا، ہم شروع سے ہی واقعی قریب ہیں۔ وہ ہمیشہ مجھے یقین دلاتا ہے کہ وہ میرے لیے موجود ہے مجھے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔’’