قومی مفاد کو ترجیح دی جائے،فتح موومنٹ کا حماس تنظیم پر زور

حماس عرب اسلامی امن منصوبے کو سرکاری طور پر قبول کرنے کا اعلان کرے،ترجمان

جمعرات 10 جولائی 2025 11:25

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)فلسطینی تنظیم فتح موومنٹ کے ترجمان منذر الحائک نے حماس تنظیم سے اپیل کی ہے کہ وہ قومی مفاد کو ترجیح دے اور غزہ میں شہریوں کی جانیں بچانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

منذر الحائک نے عرب ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو سے جواز چھین لے، اور عرب اسلامی امن منصوبی کو سرکاری طور پر قبول کرنے کا اعلان کرے،نیز یہ بھی واضح کرے کہ فلسطینی اتھارٹی کو غزہ پر قانونی اختیار حاصل ہو گا، اور جنگ کے بعد کے لیے کسی بھی متبادل وجود کو مسترد کرے۔

ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ فتح موومنٹ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کی حمایت کرتی ہے، کیونکہ وہاں کے عوام کو موجودہ مشکل حالات اور شدید کشیدگی کے تناظر میں اس کی سخت ضرورت ہے۔