محکمانہ احتساب کے بغیر کسی بھی فورس میں نظم وضبط اور کارکردگی کا معیار برقرار نہیں رکھا جا سکتا،سی پی اوملتان

جمعرات 10 جولائی 2025 15:49

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر نے کہاہے کہ محکمانہ احتساب کے بغیر کسی بھی فورس میں نظم وضبط اور کارکردگی کا معیار برقرار نہیں رکھا جا سکتا،پولیس افسران واہلکاران قانون کے دائرے میں رہ کر ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے ڈیوٹی امور سرانجام دیں ،غفلت برتنے پر پولیس افسران واہلکاروں کو سخت سزا دی جائے گی ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں اپنے دفترمیں قائم اردل روم میں پولیس ملازمین کی محکمانہ اپیلوں کی سماعت کے موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کیا۔اردل روم کے دوران مختلف ملازمین کی جانب سے سزائوں میں نرمی اور فیصلوں پر نظرثانی کی درخواستیں پیش کی گئیں، جن کا سی پی او ملتان نے تفصیلی جائزہ لیا۔ سی پی او نے متعدد ملازمین کی اپیلیں منظور کرتے ہوئے ان کی سزائوں میں نرمی کرنے جبکہ دیگر درخواستوں پر قواعد و ضوابط کے مطابق فیصلے کرنے کے احکامات جاری کئے ۔

(جاری ہے)

سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ شفاف اور منصفانہ احتسابی عمل سے نہ صرف فورس میں بہتری آتی ہے بلکہ عوام الناس کا پولیس پر اعتماد بھی مضبوط ہوتا ہے۔علاوہ ازیں سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر کی جانب سے اپنے دفترمیں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں آئے شہریوں نے سی پی او ملتان کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔سی پی او ملتان نے تمام شہریوں کے مسائل سنے اور میرٹ پر حل کے لیے موقع پرمتعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔سی پی او ملتان نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :