ضلعی انتظامیہ لاہور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سرگرم، گرانفروشوں کیخلاف کارروائیاں جاری

جمعرات 10 جولائی 2025 15:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) ضلعی انتظامیہ لاہور شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہےاور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی قیادت میں گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ شہریوں کو سرکاری نرخوں پر اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،گرانفروشوں کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے موثر اقدامات کے باعث آلو، پیاز، ٹماٹر، گوبھی اور کھیرا جیسی روزمرہ استعمال کی سبزیوں کی قیمتیں مستحکم رہیں جبکہ کیلے اور آم کی قیمتوں میں بھی استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔ڈی سی لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گرانفروشی یا زائد قیمتوں کی شکایات براہ راست ضلعی انتظامیہ سے درج کرائیں، اس مقصد کے لیے شہری 03070002345 پر کال یا سوشل میڈیا کے ذریعے بھی ڈپٹی کمشنر سے رابطہ کر سکتے ہیں۔