کمشنر سرگودھا کی زیرِ صدارت ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

جمعرات 10 جولائی 2025 17:24

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ہسپتال میں ادویات کی دستیابی، ایئرکنڈیشنرز، مشینری کی فعالی، صفائی ستھرائی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر مریض کے لیے مفت ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے اور مریضوں یا لواحقین کو باہر سے ادویات خریدنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صرف جنیرک ادویات تجویز کریں،برانڈڈ نام سےپرہیزکریں ۔ کنسلٹنٹس کا شام کے بعد لازمی راوئونڈ ہونا چاہیے جبکہ صفائی کے انتظامات، پارکنگ فیس اور ایئرکنڈیشنرز کی فعالیت کو روزانہ چیک کیا جائے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے زور دیا کہ پرانے ایئرکنڈیشنرز کو فنکشنل کیا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں فوری طور پر نئے ایئرکنڈیشنرز نصب کیے جائیں۔

ہسپتال میں بیٹھنے کے لیے مناسب انتظامات ہوں، تمام سی ایم انیشیٹیوز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، سروس ڈلیوری بہتر ہو اور عوام کی شکایات کم سے کم ہوں۔ دورانِ ڈیوٹی ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ایم ایس نے بریفنگ میں بتایا کہ اس وقت ہسپتال میں 250 مختلف اقسام کی ادویات کا وافر اسٹاک دستیاب ہے جبکہ مزید ادویات کی خریداری جاری ہے۔

آو ٹ ڈور میں 90 فیصد اور ان ڈور میں تمام مریضوں کو ادویات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں 750 بیڈز فعال ہیں اور 12 مزید بیڈز کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر آو ٹ ڈور میں تقریباً 56 ہزار جبکہ ایمرجنسی میں 25 ہزار مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایم ایس نے صفائی کمپنی، کینٹین، سٹالز اور سائیکل اسٹینڈ کی ناقص کارکردگی پر کارروائی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ متعلقہ کمپنی و کنٹریکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ انہیں بلیک لسٹ کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

اجلاس میں گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال اور گورنمنٹ ٹی بی ہسپتال کے انتظامی و طبی امور بھی زیر بحث لائے گئے اور ان کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ کمشنر نے کہا کہ ہسپتال میں ہر مریض کو معیاری، بروقت اور صاف ستھری طبی سہولت میسر ہونی چاہیے۔ روزانہ چیک لسٹ کے مطابق سہولیات کی دستیابی، ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری اور آپریشنز کا بروقت آغاز یقینی بنایا جائے۔ مریض اور لواحقین مطمئن ہوں، یہی اصل کارکردگی ہو گی۔ اجلاس میں اے ڈی سی آر فہد محمود ، اے ڈی سی جی رانا محمد ابوبکر ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران اور ایم ایس ڈاکٹر سہیل طارق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔