کمشنر بہاولپور کی زیر صدارت اجلاس ،ریونیو اہداف کی بروقت تکمیل، نکاسی آب اور عوامی تحفظ کے لیے احکامات جاری

جمعرات 10 جولائی 2025 19:01

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ریونیو ریکوری،زرعی انکم ٹیکس، ای آبیانہ اور حکومتی اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو امیر تیمور سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے جبکہ ڈپٹی کمشنر بہاول نگر اور رحیم یار خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

کمشنر مسرت جبیں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریونیو اہداف کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور فیلڈ ٹیموں کی نگرانی مزید مؤثر بنائی جائے۔ انہوں نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے تناظر میں نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھا جائے، مین ہولز کی صفائی بروقت کی جائے اور واپڈا کے تعاون سے ٹرانسفارمروں کی مرمت اور جھولتی تاروں کی درستگی کو ترجیح دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ رحیم یار خان اور بہاول نگر میں سہولت بازاروں کے قیام کے لیے شہری حدود میں کی نشاندہی کر کے این او سی جاری کیا جائے۔کمشنر مسرت جبیں نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو سختی سے ہدایت کی کہ ایل پی جی سلنڈرز کی غیرقانونی فروخت اور ویگنوں میں سلنڈروں کی غیر قانونی تنصیب کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کے تحت تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں نکل کر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے اجلاس میں ہدایت کی کہ قانونی طور پر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ای رجسٹریشن سسٹم پر منتقل کیا جائے اور دفاتر میں ای فائلنگ او آٹو میشن سسٹم کے نفاذ میں فوری طور پر اقدامات یقینی بنانے جائے۔ انہوں سٹریٹ ڈاگز (آوارہ کتوں) کے خاتمے کے لیے مہم کو موثر انداز میں جاری رکھنے پر زور دیا۔اجلاس میں ڈویژن کی ترقیاتی سکیموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔