تجاوزات کے خاتمے کے بغیر سڑکوں چوراہوں کی خوبصورتی میں اضافہ ممکن نہیں ، کمشنر گوجرانوالہ

جمعرات 10 جولائی 2025 22:40

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) کمشنر گوجرانوالہ سید نوید حیدر شیرازی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ستھرا پنجاب پروگرام ,شہروں کی خوبصورتی کے منصوبوں اور دیگر سرکاری سروسز کی بہتری سے متعلق جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق, ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن محمد شفیق ،اسسٹنٹ کمشنر جنرل ،اسسٹنت کمشنر ریونیو محمد فرقان ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عبدالروف کمشنر دفتر جبکہ ڈوثرن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرزبذریعہ ویڈیو لنک اجلاس سے منسلک تھے ۔

کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ عوامی فلاح کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

(جاری ہے)

کمشنر نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے بغیر سڑکوں چوراہوں کی خوبصورتی میں اضافہ ممکن نہیں لہذا ان کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت میسر آئے۔ انہوں نے واضح کیا کہ غیرقانونی تعمیرات اور قبضہ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور سرسبز و شاداب ماحول کی فراہمی کے لیے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاہم کمشنر نے عملدرآمد کی رفتار مزید تیز کرنے پر زور دیا۔کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ عملہ کی حاضری، مشینری کی فعالیت اور عوامی فلاحی منصوبوں کی خود مانیٹرنگ کریں۔کمشنر نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کو محنت، دیانت اور جذبہ خدمت کے ساتھ سرانجام دیں تاکہ عوام کو حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج جلد از جلد نظر آ سکیں۔

متعلقہ عنوان :