کراچی سے مصالحوں کی آڑ میں اربوں مالیت کی منشیات آسٹریلیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ایک ایکسپورٹ کمپنی کے کنٹینر کو شبے کی بنیاد پر چیک کیا گیا جس میں مصالحہ جات کے کارٹن رکھے گئے تھے،ذرائع اے این ایف

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:17

کراچی سے مصالحوں کی آڑ میں اربوں مالیت کی منشیات آسٹریلیا اسمگل کرنے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 ستمبر2025ء) مصالحوں کی آڑ میں اربوں مالیت کی منشیات آسٹریلیا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی ، برآمد شدہ منشیات کی مالیت 2 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف)نے ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمنل پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات بیرونِ ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

اے این ایف ذرائع نے بتایا کہ ایک ایکسپورٹ کمپنی کے کنٹینر کو شبے کی بنیاد پر چیک کیا گیا جس میں مصالحہ جات کے کارٹن رکھے گئے تھے۔ذرائع نے کہا کہ تلاشی کے دوران مصالحوں کی آڑ میں بھاری مقدار میں میتھفیٹامائن (آئس) برآمد ہوئی جس کا وزن 115 کلوگرام ہے۔ برآمد شدہ منشیات کی مالیت 2 ارب 30 کروڑ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ کنٹینر کراچی سے سڈنی پورٹ، آسٹریلیا بھیجا جا رہا تھا اور اس سے مجموعی طور پر 1010 پیکٹس برآمد ہوئے جبکہ کارروائی کے دوران تین ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

اے این ایف کا کہنا ہے کہ دو ماہ قبل بھی اسی کمپنی کے ایک کنٹینر سے گدھے کی کھالیں برآمد ہوئی تھیں۔ کمپنی نے متعلقہ کنٹینر پی ای سی ایچ ایس کے ایڈریس سے بک کیا تھا۔اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کے الزام میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔