جدید تقاضوں کے مطابق ڈاک خدمات کو اپ گریڈ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، فیصل کریم کنڈی

جمعہ 12 ستمبر 2025 16:17

جدید تقاضوں کے مطابق ڈاک خدمات کو اپ گریڈ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جدید تقاضوں کے مطابق ڈاک خدمات کو اپ گریڈ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل پوسٹل سروسز اسلام آباد کے دورے کے دوران کیا جہاں انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پوسٹل سروسز سمیع اللہ خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ملک بھر بالخصوص خیبرپختونخوا میں ڈاک خدمات کی بہتری، عوام کو جدید سہولیات کی فراہمی اور پوسٹل سسٹم میں اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔خیبر پختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی جی سمیع اللہ خان نے گورنر کو پوسٹل سروسز کے جاری منصوبوں، ڈیجیٹل سہولت کاری اور آئندہ کے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ پوسٹل سروسز شہریوں کے لئے آن لائن سروسز، ای-کامرس سپورٹ اور جدید لاجسٹک سہولیات متعارف کرا رہا ہے۔گورنر خیبرپختونخوا نے پوسٹل سروسز کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ وفاق اور صوبوں کے مابین تعاون بڑھا کر عوامی سہولت کے لئے اس شعبے کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ڈی جی پوسٹل سروسز نے گورنر کو خصوصی سووینیئربھی پیش کیا ۔