حالیہ پاک بھارت جنگ میں اللہ کی مدد سے پاکستان نے عظیم کامیابی حاصل کی، پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی تھی، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں یوم دفاع کی تقریب سے خطاب

جمعہ 12 ستمبر 2025 17:46

حالیہ پاک بھارت جنگ میں   اللہ کی مدد سے پاکستان نے عظیم کامیابی حاصل ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نےکہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں اللہ کی مدد سے پاکستان نے عظیم کامیابی حاصل کی، ہماری پوری قوم "بنیانِ مرصوص"سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنی ہوئی تھی، ہمارے بہادر جوانوں کا جذبہ حب الوطنی دیدنی تھا جو اپنے وطن عزیز پر اپنی جانیں نچھاورکرنے کو باعث فخر سمجھ رہے تھے اور اپنی دھرتی ماں کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنے ہوئے تھے، میں اس لمحے کا بھی عینی شاہد ہوں جب فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر نے اس تاریخی معرکے کو "بنیانِ مرصوص" کا نام دیا۔

جنگ کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ ان بہادر نوجوانوں سے ملاقات کی جنہوں نے بھارتی ایئر فورس کا مقابلہ کیا ، ان میں ایک بیٹی بھی شامل تھی، وہ منظر اتنا روح پرور تھا کہ آپ سوچ بھی نہیں سکتے اور میں بیان نہیں کرسکتا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی (جی سی ڈبلیو یو )سیالکوٹ میں یومِ دفاع کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے ساتھ ایئر بیس پر نوجوانوں کا جذبہ دیکھ کر دل فخر سے بلند ہوا۔انہوں نے کہا کہ شہید میجر رمضان نے اپنے ساتھی کو بچاتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا اور شہید کی والدہ نے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء قوم کے اصل محسن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگ لڑی اور اللہ تعالیٰ نے کمال مہربانی فرمائی اور ہمیں فتح نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ میں دنیا بھر میں جہاں بھی جاتا ہوں لوگ مجھ سے یہ پوچھتے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہوا تو میں انہیں یہی بتاتا ہوں کہ اس جنگ کے دوران ہماری بہادر افواج کا جذبہ ایمانی دیدنی تھا اوراپنے وطن عزیز کی محبت سے سرشار تھا اور میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں اس بات کا چشم دید گواہ ہوں۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران ہمارے مٹھی بھر جہازوں نے دشمن کے سینکڑوں طیاروں کا دلیری سے مقابلہ کیا "ٹھیک ٹھیک"نشانے لگا کر تاریخ رقم کردی اور دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ بھارتی قیادت آج تک زخم چاٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج نے 400 کلومیٹر اندر تک بھارت کی فضائیہ کو ناکام بنایا اور دشمن کے اربوں ڈالر کے برا موس سسٹمز ناکارہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کے بیانیے کو تسلیم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 1965 کی روح سے سرشار ہے، پاکستانی قوم کو مٹی سے غیر مشروط محبت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں نے دنیا کو بتایا کہ پاکستان ناقابل شکست ہے، اللہ تعالیٰ نے قوم کو ایسے لمحات عطا کیے جو ہمیشہ یاد رہیں گے، پاکستانی عوام جہاں بھی جائیں دنیا میں فخر سے سر بلند ہوتا ہے۔ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ جی سی ویمن یونیورسٹی کی طالبات نے قرات،نعت اور کلام اقبال سنا کر سماں باندھ دیا ہے۔