قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کانیشنل بینک اسٹیڈیم میں جاری وائٹ بال کیمپ کے دوسرے روز کنڈیشن بیسڈ ٹریننگ میں بھرپور حصہ

جمعرات 10 جولائی 2025 23:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں جاری وائٹ بال کیمپ کے دوسرے روز کنڈیشن بیسڈ ٹریننگ میں بھرپور حصہ لیا۔ پی سی بی کے مطابق کیمپ کے دوران بیٹرز کو گھاس والی پچ پر بیٹنگ اور تیز رنز لینے کی خصوصی پریکٹس کروائی گئی۔ اسپنرز اور فاسٹ باؤلرز نے نیٹ میں طویل سیشنز کے دوران بھرپور باؤلنگ کی اور مختلف لائن و لینتھ پر کام کیا۔

(جاری ہے)

ہیڈ کوچ سمیت تمام کوچنگ اسٹاف نے کھلاڑیوں کو مختلف سیشنز میں تکنیکی اور فزیکل ٹریننگ دی جس میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ کیمپ کے دوران کھلاڑیوں نے فیلڈنگ کی بھی بھرپور مشق کی جس میں کیچز، تھرو اور گراؤنڈ فیلڈنگ پر کام کیا گیا۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی تیاری اطمینان بخش ہے اور کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تیار کرنا ہے۔