عمر شریف، ہالی وڈ میں لارنس آف عریبیہ کی دریافت

فاتن حمامہ سے شادی کے ساتھ ہی عمر شریف نے اسلام قبول کر لیا اور اپنا خاندانی نام تبدیل کرلیا

جمعہ 11 جولائی 2025 10:45

قاہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)ہالی وڈ کی فلموں میں اپنی بے مثال اداکاری سے عالمی شہرت پانے والے عمر شریف کی موت پر کہا گیا کہ دریائے نیل کا ایک گوہرِ نایاب پانی میں اتر گیا۔ اپنی فن کارانہ صلاحیتوں سے کرداروں میں حقیقت کا رنگ بھر دینے والے عمر شریف نے مصری فلم انڈسٹری سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ 10 جولائی 2015 کو اداکار عمر شریف دنیا سے رخصت ہوگئے تھے۔

مصر کے مشہور شہر اسکندریہ میں 10 اپریل 1932 کو عمر شریف نے ایک عیسائی گھرانے میں آنکھ کھولی۔ ان کے والدین کا تعلق شام اور لبنان سے تھا جو اسکندریہ میں آن بسے تھے۔ عمر شریف کی پرورش ایک کیتھولک مسیحی کے طور پر کی گئی۔ وہ اسکندریہ کے وکٹوریہ کالج سے فارغ التحصیل ہوئے۔ بعدازاں قاہرہ یونیورسٹی سے ریاضی اور طبیعیات کی ڈگری حاصل لی۔

(جاری ہے)

اسی زمانے میں عمر شریف کو اداکاری کا شوق ہوگیا اور اسی شوق کو پورا کرنے کے لیے انھوں نے مصر کی فلم انڈسٹری کا رخ کیا۔

صراع فی الوادی بطور اداکار ان کی پہلی فلم تھی۔ اسی فلم میں عمر شریف کے مدِ مقابل ہیروئن کا کردار فاتن حمامہ نے ادا کیا تھا۔ اس اداکارہ سے فلمی پردے کے توسط سے بننے والا تعلق محبت میں تبدیل ہو گیا اور ان دونوں نے شادی کر لی۔ فاتن حمامہ سے شادی کے ساتھ ہی عمر شریف نے اسلام قبول کر لیا اور اپنا خاندانی نام تبدیل کرلیا۔