نہتے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک دہشتگرد عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ،گورنر بلوچستان

جمعہ 11 جولائی 2025 14:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے بلوچستان کے علاقے ڈب سرہ ڈاکئی میں نہتے مسافروں کے قتل کو سفاکیت قرار دیا ہے۔ نہتے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے سفاک دہشتگرد عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ اپنے ایک بیان میں گورنر بلوچستان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی پرامن صورتحال کو کسی بھی صورت میں خراب نہیں ہونے دینگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ جلد از جلد ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لانے اور نہتے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں. گورنر نے ہر قسم کی دہشت گردی اور تخریب کاری کا قلع قمع کرنے، دہشتگردوں کے وجود سے دھرتی کو پاک کرنے اور بلوچستان کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے حکومت اور عوام کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔