Live Updates

رومانیہ کی سائبر سکیورٹی اور اے آئی ماہرین کی تربیت کے لیے یورپی یونین کے منصوبے میں شمولیت

جمعہ 11 جولائی 2025 15:24

بخارسٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) رومانیہ کے نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سائبر سکیورٹی ( ڈی این ایس سی) نےسائبر سکیورٹی اور اے آئی ماہرین کی تربیت کے لیے یورپی یونین منصوبے ای یو۔انسپائر میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔رومانیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق یورپی یونین کی مالی معاونت سے چلنے والا یہ منصوبہ جنوری 2025 میں شروع ہوا، اس کا کل بجٹ 1.947 کروڑ یورو ہے، جس میں سے 9.63 ملین یورو یورپی یونین کی گرانٹ شامل ہے، یہ منصوبہ 48 ماہ تک جاری رہے گا۔

اس منصوبے کی قیادت یونان میں واقع یونیورسٹی آف پائریئس ریسرچ سینٹر کر رہی ہے، جبکہ اس میں 14 ممالک کے 24 شراکت دار ادارے شامل ہیں، جن میں یونیورسٹیاں، تحقیقاتی مراکز، نجی کمپنیاں اور قومی حکام شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رومانیہ کی نمائندگی ڈی این ایس سی اور سائبر سکیورٹی کمپنی بِٹ ڈیفینڈر کر رہے ہیں۔ ای یو ۔انسپائرکا مقصد سائبر سکیورٹی اوراے آئی کے شعبوں میںپائیدار اور کثیر شعبہ جاتی تعلیمی نظام قائم کرنا ہے، اس میں تین نئے ماسٹرز پروگرامز (ایم ایس سی، ایم بی اے، اور تحقیق کے لیے ایم ایس سی)، ایک سائبر سکیورٹی کیمپس، اور ای یو انسپائر اکیڈمی کا قیام شامل ہے۔

توقع ہے کہ ان پروگرامز میں 1000 سے زائد طلبا داخلہ لیں گے اور 5ہزار سے زائد پیشہ ورانہ اسناد دی جائیں گی۔ ڈی این ایس سی اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تعلیمی مواد صنعت کے معیار اور قواعد و ضوابط سے ہم آہنگ ہو اور تربیتی پروگرامز کو روزگار کے مواقع سے جوڑا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت طلبا کو اعلیٰ معیار کی سہولیات، رہنمائی، اختراعی مراکز اور صنعتی نیٹ ورکس تک رسائی دی جائے گی۔

یہ منصوبہ ڈیجیٹل یورپ پروگرام کے تحت ’’ ڈیجیٹل ۔2023۔سکلز۔05‘‘ کال کا حصہ ہے اور یورپی یونین کی مستقبل کی سائبر سکیورٹی تعلیم کی حکمت عملیوں اور مسلسل سیکھنے کے عمل کی حمایت کرتا ہے۔ای یو۔ انسپائرمختلف سٹیک ہولڈرز کو تربیتی ورکشاپس، سرحد پار اشتراک، تحقیقی اشاعتوں اور قومی سائبر سکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر نالج ہبز کے قیام کے ذریعے شامل ہونے کے مواقع فراہم کرے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات